Breaking News

پاکستان میں کورونا کے مریض 30 ہزار، دو لاکھ 37 ہزار صحتیاب

پاکستان میں کورونا کے مریض 30 ہزار، دو لاکھ 37 ہزار صحتیاب

اکستان میں حکام کے مطابق عالمی وبا 
کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں کمی آ رہی ہے۔ اتوار کی صبح جاری کیے گئے سرکاری اعداد وشمار کے مطابق ملک میں کورونا کے دو لاکھ 37 ہزار 434 مریض صحتیاب ہو چکے ہیں جس کے بعد ایکٹیو کیسز کی تعداد 29 ہزار 857 رہ گئی ہے۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کے مطابق پاکستان میں کورونا سے اب تک پانچ ہزار 822 اموات ہوئی ہیں جبکہ ایک ہزار 267 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔ سرکاری اعداد وشمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں 35 اموات ہوئیں جبکہ ایک ہزار 226 نئے کیسز سامنے آئے۔ اس دوران پاکستان میں 23 ہزار 254 کورونا ٹیسٹ کرائے گئے۔ پاکستان میں اب تک دو لاکھ 73 ہزار 113 کورونا ٹیسٹ مثبت آ چکے ہیں۔ خیال رہے کہ ملک میں کورونا کا پہلا کیس رواں سال فروری کے اواخر میں کراچی میں رپورٹ ہوا تھا۔ کورونا کی وبا پھیلنے کے بعد پاکستان میں مارچ کے تیسرے ہفتے سے دو ماہ کے لیے لاک ڈاؤن نافذ کیا گیا تھا جس کے بعد کاروبار کو بتدریج کھولنے کی اجازت دی گئی۔ پاکستان میں کورونا کے کسیز میں تیزی دو ماہ قبل عیدالفطر کے بعد آئی تھی جس کے بعد کئی شہروں میں سمارٹ لاک ڈاؤن کیا گیا۔ حکومت نے عیدالاضحیٰ پر شہریوں کو حفاظتی تدابیر پر سختی سے عمل کرنے کے لیے کہا ہے تاکہ وائرس کے پھیلاؤ کو روکا جا سکے۔ ملک بھر میں قربانی کے جانوروں کی خریداری کے لیے لگائی گئی مویشی منڈیوں میں کورونا سے بچاؤ کے لییے حکام کی جانب سے سخت حفاظتی تدابیر اختیار کی جا رہی ہیں۔